کوئٹہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ڈی ایم کا جلسہ کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں واقع فٹ بال گراؤنڈ میں منعقد کیا جا رہا ہے، جلسہ گاہ میں سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
جلسے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے علاوہ دیگر قائدین خطاب کریں گے۔
جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد کاسلسلہ جاری ہے، مختلف جماعتوں کے کارکن اپنی اپنی جماعتوں کے جھنڈے ہاتھوں میں لیے ٹولیوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔
جلسے کی سیکیورٹی کے لیے بھرپور انتظامات سامنے آ رہے ہیں، اس حوالے سے 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے مختلف جماعتوں کے رضاکاروں نے بھی سیکیورٹی کے فرائض سنبھالے ہوئے ہیں۔
جلسہ گاہ کے داخلی دروازوں میں واک تھرو گیٹ بھی نصب کیئے گئے ہیں جہاں جلسہ گاہ پہنچنے والوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔
جلسے کےموقع پر شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، شہر میں موبائل فون سروس معطل ہے جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔