پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اب عوام کی حاکمیت کا سورج طلوع ہونے کو ہے، عمران خان کوکہتےہیں کہ تاریخی ناکامی پر استعفا دینا چاہیے، بلوچستان اس حال میں ہے تو اس کی ایک ہی وجہ ہےکہ آپ کے ووٹ کو عزت نہیں ملی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں سب سے پہلے مریم نواز نے فرانس میں خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی شان میں ہونے والی گستاخی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں سے ہمارے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں، ہمار ے پیارے نبیﷺ کا ذکر اللّٰہ تعالیٰ نے بلند کردیا، اس کے ذکر پر رہتی دنیا تک آنچ نہیں آئے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ جتنی محبت مجھے پنجاب کے عوام سے ہے اس سے زیادہ مجھے بلوچستان کے عوام سے ہے، امید کرتی ہوں ان طلبا کی اسکالرشپس بحال ہوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ افسوس کی بات ہے حکومت نے بلوچستان کے طلبا کے لیے اسکالر شپ کا پروگرام ختم کر دیا۔