کراچی (اسٹاف رپورٹر)جے یوآئی سندھ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پاکستانی عوام سے حکومت میں آنے سے قبل 50 لاکھ مکان بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت ملنے کے بعد پورے ملک میں غریبوں کو بے گھر کرنا شروع کردیا ، کراچی میں کچی آبادی کے مکینوں خاص کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد اور صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری نے جامعہ مدنیہ گلشن اقبال کراچی میں جے یو آئی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں مولانا احسان اللہ ٹکروی ، مولانا نورالحق ،قاری نورالامین، مولانا رشید نعمانی ، مفتی عبدالحق عثمانی، مولانا اجمل شاہ شیرازی ، قاری فیض الرحمان عابد، مفتی علیم الحق فاروقی ، حبیب الرحمان خاطر ، مولاناعبداللہ بلوچ، مولاناالطاف الرحمان، مفتی داود ، عبدالحق مخلص ، عبدالواحدخان ودیگر موجود تھے۔ اجلاس میں گزشتہ دن ضلع جنوبی کے علاقے این ٹی آر ریلوے کالونی کی آبادی منہدم کرنے والے عوام دشمن واقعے پر مشاورت ہوئی۔ مولانا عبدالکریم عابد، محمد اسلم غوری ودیگر نے کہا کہ این ٹی آر ریلوے کالونی کے مکینوں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے ، کچی آبادی کے مکینوں کو حکومتی رحم وکرم پر نہتا نہیں چھوڑ سکتے ۔