برسلز(نمائندہ جنگ ) خلیج تعاون کونسل اور یونیسکو فرانس میں کویت مشن نے فرانسیسی صدر کے اسلام کے بارے میں ریمارکس کو غیر ذمہ دارانہ قراردیا ہے ۔ ریاض اور پیرس سے جاری کردہ اعلامیوں کے مطابق GCC کے سیکٹری جنرل نیاف الہجرف نے اور یونیسکو میں کویت کے مشن نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے ریمارکس نے ʼ نفرت کی تہذیب ʼ کو فروغ دیا ہے جوکہ اسلامی دنیا اور فرانس کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ ایسے وقت میں جبکہ مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان ڈائیلاگ اور ایک دوسرے کو قبول کرنے کا پیغام پھیلانے کی ضرورت ہے، یہ مسترد کیے ہوئے ریمارکس دیے جاتے ہیںگستاخانہ خاکے پھیلانے کی بات کی جاتی ہے ۔ دوسری جانب کویتی مشن برائے یو نیسکو نے فرانسیسی صدر کے ریمارکس کو باالکل مسترد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلام اور اس کے پیغمبر کے خلاف انتہائی جارحانہ ہیں ۔ آزادی کا یہ مطلب نہیں کہ اسلام کی سب سے بڑی علامت کے خلاف بات کی جائے ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ کہ اس طرح کے جارحانہ بیانات کو کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جائیگا ۔