پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ شفاف منصفانہ انتخابات ہی پاکستان کے دلدل سے نکلنے کا راستہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، پارلیمنٹ کی سطح سے اس بیانیے کو اٹھائیں گے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے دلدل سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے اور شفاف منصفانہ انتخابات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی حکومت آنی چاہیے جو ملکی معیشت درست کرے اور سفارتی محاذ پر پاکستان کو دوست ممالک سے جوڑے جبکہ کشمیر کے لیے موثر آواز اٹھاسکے۔
انھوں نے تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ہماری حکومت کوئی قابلِ قدر کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس وقت صرف اپوزیشن کے خلاف مقدمے بنارہی ہے۔
احسن قبال نے کہا کہ جتنا زور اپوزیشن کے خلاف لگایا گیا اگر آدھا بھی مودی کے خلاف لگایا جاتا تو کشمیر کے عوام کو انصاف مل سکتا تھا۔