• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیسی گھی میں نزلہ کھانسی کا علاج ہے؟

دیسی گھی کسی خزانے سے کم نہیں ہے۔ دیسی گھی باورچی خانے کا وہ خفیہ جزو ہے جو ناصرف روایتی پکوانوں میں استعمال ہوتا ہے بلکہ اسے قدیم دوائیوں میں بھی صدیوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کئی گھریلو علاج میں بھی دیسی گھی استعمال ہوتا رہا ہے اور یہ روایت نسل در نسل سے چلتی آرہی ہے۔

دیسی گھی میں صحت مند چربی، پروٹین، اومیگا 3، فیٹی ایسڈ، وٹامن اے اور بٹیرک ایسڈ وغیرہ شامل ہیں۔ اپنی روز مرہ کی خوراک میں دیسی گھی شامل کرنے سے ناصرف پکوانوں کے ذائقہ اور مہک میں اضافہ ہوسکتا ہے بلکہ ایک ہی وقت میں نزلہ کھانسی ختم کرنے، نظام ہاضمہ، میٹابالیزم، ہڈیوں اور دانتوں کی صحت کو بہتر بنانے، سوزش کو کم کرنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

یہاں ماہرین دیسی گھی سے کیے جانے والے خاص گھریلو علاج کے بارے میں اہم معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

دیسی گھی کے صحت سے متعلق حیرت انگیز فوائد:

نزلہ اور کھانسی کیلئے دیسی گھی:

اگر آپ کو سردی، نزلہ اور کھانسی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو پھر دیسی گھی کے چند قطرے آپ کے لیے حیرت کا باعث بن سکتے ہیں۔ تھوڑا سا دیسی گھی گرم کریں اور پھر اس کے چند قطرے ناک کے اندر ڈال دیں۔اس طرح دیسی گھی رکاوٹ کو ختم کرکے سانس بحال کرنے میں مدد کرے گا اور یہ نزلے کی وجہ سے ہونے والے سر درد کو بھی دور کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

گلے کی سوجن کو ختم کرتا ہے:

دیسی گھی گلے کی سوجن کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے اور اس نسخے کو بنانے کے لیے آپ ایک چائے کے چمچ دیسی گھی میں ایک چائے کا چمچ شہد، ادرک کا عرق، ایک چٹکی کالی مرچ اور نمک شامل کرلیں اور پھر ایک گلاس پانی میں یہ آمیزہ شامل کرکے اُس پانی کو پی لیں، روزانہ دن میں ایک بار اس کا استعمال کریں، اس سے صرف چند ہی دنوں میں گلے کی سوزش ختم ہوجائے گی۔

نظام ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے:

دیسی گھی بٹیرک ایسڈ کا ایک اچھا ذریعہ ہے، جو آنتوں کی دیواروں کو مضبوط بنانے میں مدد کرتا ہے۔ دیسی گھی میں موجود ایسڈ میٹابالیزم اور آنتوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔ آپ کی روزانہ کی غذا میں دیس گھی کا اضافہ سوجن کو کم کرنے اور نظام ہاضمہ کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

اس ضمن میں آپ ایک گلاس گرم دودھ میں ایک چمچ دیسی گھی ڈال کر اُس میں تھوڑی سی ہلدی شامل کرکے پی لیں، رات کو سونے سے پہلے یہ نسخہ پینے سے قبض جیسے مسائل سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے اور غذائی اجزاء کو بہتر طریقے سے جذب کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

مضبوط اور چمکدار بالوں کیلئے:

یہ قدیم نسخہ آپ کو سیلون کے ہزاروں روپے کے خرچوں سے بچالے گا، اس نسخے کو بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ ایک چمچ زیتون کے تیل اور ناریل کے تیل میں دو کھانے کے چمچ دیسی گھی شامل کرلیں پھر اس آمیزے کو ایک منٹ کے لیے اُبالیں، اس کے بعد رات کو سونے سے پہلے اس آمیزے کو اپنے بالوں میں اچھی طرح لگائیں اور صبح اُٹھ کر شیمپو سے اچھی طرح اپنے بال دھولیں۔ دیسی گھی میں موجود پروٹین بالوں کی جڑوں کو مضبوط بنانے میں مدد کرے گا اور بالوں کی کھوئی ہوئی چمک کو بھی زندہ کرے گا۔

دیسی گھی وزن میں کمی کو فروغ دیتا ہے:

دیسی گھی  میں امینو ایسڈ، اومیگا 3 اور فیٹی ایسڈ ہوتے ہیں جو ہموار میٹابالزم کو یقینی بنانے میں مدد دیتے ہیں اور وزن کو مؤثر طریقے سے کم کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں لیکن دیسی گھی کی مقدار پر نگاہ رکھنا ضروری ہے۔

تازہ ترین