موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا اور عدالت نے ملزم کی شناخت پریڈ کیلئے مزید مہلت دے دی ہے۔
ملزم عابد ملہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 نومبر تک توسیع کردی گئی ہے۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے روبرو موٹر وے واقعے کے مقدمات پر سماعت ہوئی لیکن مرکزی ملزم عابد ملہی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
جیل حکام کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ ابھی تک ملزم عابد ملہی کی شاخت پریڈ نہیں ہوسکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو شناخت پریڈ کے لیے دوبارہ بلایا ہے۔
عدالت نے مہلت دینے کی استدعا منظور کر لی اور ملزم عابد ملہی کو 2 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب موٹر وے زیادتی کیس کا دوسرا ملزم شفقت جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے اور اس کے جسمانی ریمانڈ کی معیاد کل ختم ہوگی، اسے بدھ کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔