• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کی اگلی فلم کب آئے گی؟ خود اداکار نے بتادیا

بھارتی سنیما کے لیجنڈری رومانوی ہیرو شاہ رخ خان نے مداحوں کو بتادیا کہ ان کی اب نئی فلم کب سلور اسکرین پر آئے گی۔

شاہ رخ خان اس وقت بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے سلسلے میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دبئی میں موجود ہیں۔

تاہم اسی دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مداح نے ان سے بلاک بسٹر فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کو دیکھنے سے متعلق سوال پوچھ لیا۔

اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے نہ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب میں تھیٹر میں اپنی نئی فلم دیکھنے کا انتظار کروں گا۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس فلم کی شوٹنگ جلد شروع ہوگی، پھر اس کی پوسٹ پروڈکشن کا سلسلہ شروع ہوگا اور اس کے بعد سنیما گھروں کے معمول پر آنے کے بعد یہ فلم ریلیز کردی جائے گی۔

شاہ رخ خان نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ ان کی نئی فلم تقریباً ایک سال بعد ریلیز ہوگی۔

اطلاعات ہیں کہ شاہ رخ خان فلم ساز سدھارت آنند کی فلم ’پٹھان‘ کرنے کے لیے جا رہے ہیں جبکہ اس فلم کے دیگر اداکاروں میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی جلوہ گر ہوں گے۔

جب ان سے ایک مداح نے سوال کیا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران فلموں کی ناکامی پر وہ خراب اسکرپٹ کو قصور وار ٹھہرائیں گے تو اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ایک شخص کو اپنے کام کرنے پر یقین کرنا ہوتا ہے اور اس کے ساتھ کھڑے رہنا ہوتا ہے، کامیابیاں تو فلم دیکھنے والوں کے ہاتھ میں ہوتی ہیں۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان آخری مرتبہ 2018 میں انوشکا شرما اور کترینہ کیف کے ساتھ فلم ’زیرو‘ میں اپنے اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے تھے اور اس کے بعد سے انھوں نے اپنی نئی فلم سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔

تازہ ترین