• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور دھماکا، سرچ آپریشن میں 55 مشتبہ افراد زیرِ حراست

سی سی پی او پشاور محمد علی خان  کا کہنا ہے کہ پشاور کی دیر کالونی اور اطراف میں سرچ آپریشن میں 55 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سی سی پی او محمد علی خان نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کی تمام مساجد اور مدارس کی سیکیورٹی کا ازسر نوجائزہ لیا جائے گا۔

محمد علی خان نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیم دھماکے کی تحقیقات کررہی ہے۔

محمد علی خان کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے میں ملوث افراد کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے رنگ روڈ پر دیرکالونی میں واقع مدرسہ جامعہ زبیریہ میں بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد شہید جبکہ 2 اساتذہ سمیت 112 افراد زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے 10 زخمی طلبہ کی حالت نازک ہے۔

بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں 7 کلو گرام وزنی دھماکا خیز مواد استعمال ہوا ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے دھماکے کے شہداء کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا ہے۔

تازہ ترین