• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیاض چوہان کاہیش ٹیگ ’میکرون مسلمانوں سے معافی مانگو‘ پہلے نمبر پر آگیا

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا فرانسیسی صدر ایمانیوئل میکرون سے معافی مانگنے کے مطالبے کا ہیش ٹیگ ’میکرون مسلمانوں سے معافی مانگو‘ پہلے نمبر پر آگیا۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں کہا کہ گستاخانہ خاکے کسی صورت قابل قبول نہیں، مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے پر فرانسیسی صدرمعافی مانگیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے شکار گروہوں کو اسلام کی تعلیمات سمجھنے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب فرانس نے اسلام مخالف مہم پر ردعمل دینے والے ممالک ترکی اور پاکستان سے کہا ہے کہ وہ فرانس کے ’اندرونی معاملات‘ میں مداخلت سے گریز کریں۔


فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف مہم کے دفاع میں بیان کے بعد پاکستان اور ترکی کی جانب سے فرانسیسی صدر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے فرانس کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا اور شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا تھا۔

مصنوعات کے بائیکاٹ کے رد عمل میں فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین نے ڈھٹائی برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی فرانس کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہ کریں۔

اس سے قبل فرانس میں اسلام مخالف مہم اور صدر میکرون کی جانب سے مہم کے دفاع میں بیان کے بعد سے دنیا کے کئی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کے ساتھ ساتھ مذمتی پیغامات بھی سامنے آئے، جس کے بعد انہوں نے عربی میں ایک پیغام جاری کیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں میکرون نے لکھا کہ ’ہم کبھی نفرت آمیز تقریر کو قبول نہیں کریں گے، اور امن کے لیے ہم ہر قسم کے خیالات کا احترام کرتے ہیں، اس حوالے سے مناسب بحث و مباحثے کا ہمیشہ دفاع کیا جائے گا۔‘

تازہ ترین