• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں مقبول تُرک شیف اور سوشل میڈیا اسٹار براک پاکستان پہنچ گئے۔

براک کو دنیا بھر  میں سوشل میڈیا صارفین پسند کرتے ہیں اور انہیں چاہنے والوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔

ٹوئٹر پر براک کے فالوورز کی تعداد 4 لاکھ 76 ہزار سے زائد ہے جبکہ انسٹاگرام پر انہیں ایک کروڑ 71 لاکھ سے زائد لوگ فالو کرتے ہیں۔

براک کا پاکستان پہنچنے پر کہنا ہے کہ برادر ملک پاکستان کی ثقافت اور ترکی کی ثقافت میں بےانتہا ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

براک کا کہنا ہے کہ وہ یہاں اس لیے بھی آئے ہیں کہ وہ یہ دیکھ سکیں کہ پاکستان دراصل دِکھتا کیسا ہے؟

دوسری  جانب ٹوئٹر پر براک کے مداح اُن کا پاکستان میں خیر مقدم کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل براک نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ وہ رواں ماہ پاکستان آئیں گے۔

معروف شیف براک نے پاکستان آنے کی خبر دیتے ہوئے بتایا کہ وہ پاکستان آکر خود پاکستان کے لوگوں سے ملنا چاہتے ہیں۔

رواں برس عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پھیلنے سے قبل بھی براک کی پاکستان آنے کی تیاریاں مکمل تھیں تاہم ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

ترکی اور پاکستان کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور ترکی کے لوگ ایک دوسرے کے لیے دل میں گہری محبت رکھتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر بھی ترکی اور اس کی عوام کھل کر پاکستان کی حمایت کرتے ہیں۔

ترکی کی ثقافت کا رنگ پاکستان میں بھی نمایاں نظر آتا ہے خاص طور پر جب سے ترکی کے ڈرامے پاکستان میں نشر ہونے لگے ہیں تب سے تو پاکستان میں ترک اداکاروں اور ترک ثقافت کو خوب پسند کیاجا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ترکی کے کھانے بھی پاکستان میں بہت مقبول ہیں۔

ترکی کے معروف شیف براک ازدمیر کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے جو ترکی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی بہت مقبول ہیں۔ براک کے کھانا پکانے کے منفرد انداز کو سوشل میڈیا پر خاصا پسند کیا جاتا ہے۔

براک کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ پاکستان اور کشمیر سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں ۔

تازہ ترین