ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ مجھے سمجھ نہیں آئی کہ نواز شریف نے ایازصادق کو کیوں لانچ کیا ہے؟
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نون لیگ کی طرف سے جو کچھ بھی کہا جارہا ہے وہ غیر ملکی ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوری تک کٹی کٹا نکل آئے گا، نیکٹا نے بیان دیا تو اس کی سپورٹ میں، میں نے بھی بیان دیا، ہم نے ملک کو آگے لے کر چلنا ہے، اگر سیاست سے لڑائی کرنی ہے تو عمران خان میدان میں ہیں، سیاست سے لڑائی آپ کا حق ہے، ریاست سے لڑائی آپ کا حق نہیں ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہےکہ انتشار اور خلفشار سے ایسا نہ ہو کہ سیاسی قوتوں کو نقصان اٹھانا پڑے، ریاست سے لڑائی کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں، نواز شریف اور مریم نے جو بو دیا ہے اس سے سیاست میں ان کے لیے مشکلات اور ناممکنات ہو گئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بہتر سیاست کھیلی ہے، ایاز صادق کے بیان پر پاکستان کے دشمن شادیانے بجا رہے ہیں، مجھے سمجھ نہیں آئی کہ نواز شریف نے ایاز صادق کو میدان میں کیوں اتارا، مولانا فضل الرحمٰن کے پاس دینی مدارس کی طاقت موجود ہے۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ سیاست جس دوراہے میں داخل ہو رہی ہے اس کے نتیجے کچھ بھی نکل سکتے ہیں، عمران خان کہیں نہیں جا رہے ہیں، ڈائیلاگ اور مذاکرات سیاسی جماعتوں میں ہوتے ہیں، پاکستان کا جوان اور جرنیل دونوں عظیم تر ہیں، سیاست میں ڈائیلاگ کے دروازے کبھی بند نہیں کرنے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون مل سکتے ہیں تو کوئی اور کیوں نہیں، بھارت اپنے آلۂ کاروں کو استعمال کر کے ایک جال بچھا رہا ہے، ایاز صادق کے بیان سے فوج میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، ملک مارشل لاء کی طرف نہیں جا رہا، سیاست دانوں کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں۔
شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈائیلاگ سے انکار نہیں کیا، سب کچھ نواز شریف اور مریم نواز کے اشارے پر ہو رہا ہے، ڈھائی سال میں ایاز صادق کو بولتے نہیں دیکھا، ساری نون لیگ نہیں بول رہی، وہی بول رہے ہیں جن کے خلاف نیب کےکیس ہیں، فضل الرحمٰن کی سیاست بڑی پارٹیوں کی مرہونِ منت ہے۔