معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی اور سماجی کاموں میں ہمیشہ سب سے آگے رہنے والی شنیرا اکرم نے مغربی تہوار ’ہیلووین‘ مناتے ہوئے اپنی بیٹی عائلہ اکرم کو ایک نیا روپ دے دیا۔
ہیولوین کے موقع پر شنیرا نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی عائلہ اکرم کی ایک پُرکشش تصویر پوسٹ کی ہے جس میں شنیرا نے عائلہ کو ہیولوین کی مناسبت سے ایک نیا روپ دیا ہے۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عائلہ نے تہوار کی مناسبت سے سیاہ رنگ کی فراک زیب تن کی ہوئی جبکہ ایک آنکھ پر سُرخ رنگ سے دل بھی بنایا ہوا ہے اور صارفین کو ڈرانے کے لیے ہاتھ میں بھوت والی چھڑی بھی تھامی ہوئی ہے۔
شنیرا نے عائلہ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ہمارے دلوں کی چھوٹی سی رانی ہے۔‘
عائلہ کی خوبصورت تصاویر دیکھ کر نامور اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات بھی اُن کی تعریف کرنے میں پیچھے نہ رہیں اور کمنٹ میں اظہار محبت والے ایموجیز بھیج دیے۔
اس سے قبل شنیرا اکرم نے دُنیا بھر میں مقبول ترین تُرک شیف براک کو اپنے گھر آنے کی دعوت دی تھی۔
شنیرا نے اپنے پیغام میں تُرک شیف براک سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں آپ کو دعوت دے رہی ہوں کہ آپ جب بھی پاکستان کا دورہ کریں تو ہمارے گھر لازمی آئیں کیونکہ ہم ترکش کھانوں کے ذائقے کو بہت یاد کر رہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ہیلووین ایک مغربی تہوار ہے جو مختلف ممالک میں 31 اکتوبر کو منایا جاتا ہے، اِس رات اندھیرا چھانے پر بچے اور بڑے خوفناک قسم کے ملبوسات پہن کر دوسروں کو ڈرانے کے لیے گھروں سے باہر نکل آتے ہیں۔