راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن/ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود اور سی بی اے یونین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ڈائریکٹر انٹی کرپشن کو کمشنرنے طلب کرلیا ۔میونسپل ورکرز لیگ سی بی اےکے صدر حاجی فاروق آج ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کریں گے۔ذ رائع کے مطابق کمشنر آفس میں ہونے والے مذاکرات میں سی ای او خواجہ عمران ، صدر سی بی اے یونین حاجی فاروق ، رفاقت گوندل ، محمد خان مجید،نذیرزادہ اور دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات میں کمشنر نے استفسار کیا کہ مسئلہ کیا ہے۔جس پر مذاکراتی کمیٹی کے رکن حاجی فاروق نے کہا کہ یہی مسئلہ ہے کہ آپ کو پتہ نہیں ہے۔جس پر محمد محمود نے کہا کہ آج پکچر کا پتہ چلا ہے۔انھیں بتایا گیا کہ انٹی کرپشن والے کہہ رہے ہیں کہ کمشنر نے کہا ہے کہ جس مرضی بندے کو اٹھا کر لے جائیں۔تو کمشنر نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔حاجی فاروق نے کہا کہ ہم کرپشن کی سرپرستی نہیں کررہے۔اگر ایڈمنسٹریٹر ایسا کہیں گے تو پھر ملازمین کی داد رسی کون کرے گا۔ہماری شکایات کون سنے گا۔گم نام درخواستوں پر کارروائی کی جاتی ہے۔2014کی ایف آئی آر ہے۔انکوائری میں ریکوری کا کہا گیا 80فیصد ریکوری بھی ہوچکی ہے۔ہماری یہ بات کون سنے گا۔ابھی بھی انٹی کرپشن والے دھمکا رہے ہیں۔اس صورتحال میں کون ملازم کام کرے گا۔جس پر کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر انٹی کرپشن کو منگل کو طلب کرتے ہوئے مذاکراتی ٹیم سے کہا کہ میں بھی آپ لوگوں کی طرح ملازم ہوں،کوئی بالاتر نہیں ہوں آپ کام کریں میں معاملے کو دیکھتا ہوں۔آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔انٹی کرپشن والوں کو بلایا ہے،معاملے کو دیکھتے ہیں۔