• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان الیکشن: علی امین گنڈاپور نے کئی انتخابی وعدے کر ڈالے

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے گلگت بلتستان کے الیکشن میں کامیابی کے لیے کئی وعدے کر ڈالے ہیں۔

گلگت بلتستان میں انتخابات سے قبل ہر سیاسی جماعت کی طرف سے بڑے بڑے وعدے کیے جارہے ہیں۔

اشکومن کے انتخابی جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے گلگت بلتستان کے لیے ایک لاکھ بوری اضافی گندم کی فراہمی کا وعدہ بھی کرڈالا۔

پاکستان میں گندم کی قلت اور ترسیل کے مسائل کے باعث آٹے کی فی کلو قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔


وفاقی حکومت نے آٹے کی قیمت کنٹرول کرنے کے لیے کئی لاکھ ٹن گندم امپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے خطاب میں مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان صوبہ بناکر عوام کی قربانیوں کا صلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بننے کے بعد گلگت بلتستان کے تمام مسائل حل ہوں گے، اشکومن کو سب ڈویژن کا درجہ دے رہا ہوں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چٹور کھنڈ میں 50 بیڈ کا اسپتال تعمیر کیا جارہا ہے، گلگت بلتستان کے لیے ایک لاکھ بوری اضافی گندم فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے تمام پل آر سی سی کے تعمیر ہوں گے، ایمت کے مقام سے جی بی اسکاؤٹس کی چوکی کو ہٹایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے اس دوران سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام کا خون چوس کر سرے محل خریدا۔

تازہ ترین