ابوظبی کی فیڈرل اپیل کورٹ نے کورونا وائرس کے حوالے سے غلط خبر نشر کرنے اور معاشرے میں خوف ہراس پھیلانے کے الزام میں 2 افراد کے خلاف 2 برس قید کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جن افراد کے قید کے فیصلے کی توثیق کی گئی ہے، ان میں مقامی ٹی وی چینل کا رپورٹر اور ایک غیر ملکی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی ٹی وی کے ایک رپورٹر نے کورونا وائرس سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی ہلاکت کی خبر نشر کی تھی، جس کی معاونت ایک عرب ملک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی نے کی تھی۔
غلط خبر کی وجہ سے معاشرے میں کافی خوف ہراس پھیل گیا تھا، جس کی تردید وزارت صحت کی جانب سے بھی کی گئی۔
وزارت صحت کی تردید کے بعد اس چینل کے رپورٹر اور غیر ملکی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ابتدائی عدالت نے دونوں کو 2 برس قید کی سزا کے ساتھ غیر ملکی کے لیے ملک بدری کے احکامات صادر کیے تھے۔
اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی، جس پر فیڈرل اپیل کورٹ نے حالات و شواہد کا جائزہ لیتے ہوئے سابقہ عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے سزا کی توثیق کردی۔