بھارتی فلم انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار راج کمار راؤ کا کہنا ہے کہ وہ بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی وجہ سے ہی اداکار بنے ہیں کیونکہ شاہ رخ خان کو اسکرین پر دیکھ کر وہ ہمیشہ اُن سے مُتاثر ہوئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار راج کمار راؤ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’میں شاہ رخ صاحب سے بہت محبت کرتا ہوں کیونکہ میں اُن کی وجہ سے ہی آج ایک اداکار بنا ہوں، میں جب بھی اسکرین پر اُن کو دیکھتا تھا اُن کی نقل کرنے کی کوشش کرتا تھا تاکہ میں اُن کی طرح ایک کامیاب اداکار بن سکوں۔‘
راج کمار راؤ نے کہا کہ ’جب میں بارہویں جماعت میں تھا تو اُس وقت پہلی مرتبہ ممبئی آیا تھا، یہاں آنے کے بعد میں باندرا گیا اور شاہ رخ خان کی ایک جھلک دیکھنے کی خاطر گھنٹوں منت یعنی اُن کی رہائش گاہ کے باہر کھڑے ہوکر اُن کا انتظار کرتا رہا۔‘
بالی وڈ اداکار نے کہا کہ ’جب میں اداکار بن گیا تو مجھے شاہ رخ خان کے گھر جاکر اُن سے ملنے کا سنہری موقع ملا اور اس کے بعد سے میں شاہ رخ خان سے متعدد بار ملا ہوں، وہ واقعی ایک بہترین شخصیت کے مالک ہیں۔‘
راج کمار راؤ کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’شاہ رخ خان سے جو بھی ملاقات کرتا ہے وہ اس بات کی ضمانت ضرور دیتا ہے کہ اداکار اُن سے ملنے والے شخص سے بہت اچھا سلوک کرتے ہیں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں شاہ رخ خان سے بطور اداکار محبت کرتا ہوں لیکن وہ ایک عظیم انسان بھی ہیں، اُن سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ وہ ناصرف ایک اداکار کی حیثیت سے مجھے متاثر کرتے ہیں بلکہ ایک بہتر انسان بننے کی بھی ترغیب دیتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل راج کمار راؤ نے شا ہ رخ خان کی 55ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا تھا کہ وہ شاہ رخ خان کے گھر کے باہر گھنٹوں کھڑے رہ کر اُ ن سے ملنے کا انتظار کرتے تھے اور یہ اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے۔