وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی ہیں کہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت اب بہت بہتر ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور کے سروسز اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین اٹھ کر بیٹھے ہیں جبکہ مزید بہتری میں کچھ وقت لگے گا، اُنہیں مطلوب تمام سہولیات اسپتال فراہم کر رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کیسز ایک دم سے نہیں بڑھے بلکہ پچھلے ہفتے سے اضافہ ہو رہا ہے، ہم میں سے ہر ایک کو کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی فون کرکے چوہدری شجاعت کے صاحبزادے سے اُن کی طبیعت بھی دریافت کی۔
واضح رہے کہ چوہدری شجاعت حسین کو گزشتہ روز ایمرجنسی میں لاہور کے سروسز اسپتال لایا گیا تھا جہاں اُن کا طبی معائنہ کیا گیا۔
سروسز اسپتال میں چوہدری شجاعت حسین کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا جس کے نتائج منفی آئے ہیں۔
اُن کےخاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین کو تین روز سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، سانس لینے میں دشواری بڑھنے پر اُنہیں اسپتال لایا گیا۔