• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غداری کے تمغے بانٹنے کا سلسلہ نہیں چلے گا: سعد رفیق

مسلم لیگ نون کے رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ غداری کے تمغے اور سرٹیفکیٹ بانٹنے کا سلسلہ نہیں چلے گا۔

لاہورمیں پولیس کی ٹیم نون لیگی رہنما خواجہ عمران نذیر کو گرفتار کرنے کے بعد تھانے لے کر روانہ ہوئی تو مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق اطلاع ملنے پر تھانے پہنچ گئے۔

اس موقع پر نون لیگی رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کی۔

سعد رفیق نے کہا کہ حماد نواز کو پولیس نے رات کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا، جبکہ عمران نذیر کو ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور سیاسی کارکنوں کا کوئی جھگڑا نہیں ہے، ووٹ اور ووٹر کی عزت کریں، اس طرح آواز اٹھانے والوں کو غدار قرار دیا جاتا ہے۔

سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ ملک میں سیاسی انتقام کی نئی لہر جاری ہے، خواجہ عمران کی گرفتاری کا مقصد لاہور جلسے کو نہیں، پی ڈی ایم کو نقصان پہنچانا ہے۔


اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ووٹر سپورٹر سب زیادہ چارج ہیں، عمران نذیر کی گرفتاری سے پارٹی کو عزت اور طاقت ملی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے ان حکمرانوں کی مدت ختم ہو چکی ہے، ان کے دن ختم ہوتے اب صاف نظر آ رہے ہیں۔

تازہ ترین