• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین کی چوہدری شجاعت کی عیادت کیلئے اسپتال آمد

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے لاہور کے سروسز اسپتال میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چوہدری پرویز الہیٰ سے ٹیلی فون پر چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔

چودھری شجاعت کی عیادت کے بعدجہانگیر ترین  نے اسپتال سے روانہ ہوتے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے چودھری شجاعت پہلے سے بہتر ہیں، دعا گو ہوں چودھری شجاعت حسین جلد صحتیاب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت سے میرے دیرینہ تعلقات ہیں، ان کی صرف عیادت کے لئے آیا تھا ، ایسے موقعوں پر کوئی اور بات نہیں کی جاتی۔

عمران خان سے ملاقات سےمتعلق سوال پرجہانگیر ترین خاموش رہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کاسروسز اسپتال میں علاج جاری ہے۔

گزشتہ روز چوہدری شجاعت حسین کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی کیا گیاتھا جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

دوسری جانب اُن کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کو تین روز سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، سانس لینے میں دشواری بڑھنے پر اُنہیں اسپتال لایا گیا۔

طبی معائنے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین کو نمونیا ہوا ہے۔

تازہ ترین