• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20: بابر اعظم مسلسل دو سال 1000رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے پہلے ہی ٹی20 میچ میں 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بابر اعظم نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا، انہوں نے تیسرے ایک روزہ میچ میں سنچری اسکور کی اور اب پہلے ٹی 20 میچ میں 82 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی۔

26 سالہ کرکٹر نے راولپنڈی میں زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں 82 رنز بنائے اور اس طرز کی کرکٹ میں سال 2020ء کے دوران 1 ہزار رنز مکمل کر لیے۔

بابر اعظم مسلسل 2 سال سے ٹی 20 کرکٹ میں ہزار یا اس سے زائد رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔


قومی ٹیم کے کپتان نے سال 2020ء میں اب تک ایک ٹی 20 سنچری اور 9 نصف سنچریاں اسکور کیں اور 26 اننگز میں 1 ہزار 63 رنز اسکور کیے ہیں۔

بھارت کے کے ایل راہول 993 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں، یہ مسلسل دوسرا سال ہے، جب بابر اعظم نے کیلنڈر سال میں1 ہزار ٹی 20 رنز بنائے ہیں۔

سال 2019ء میں بابر اعظم 1607 رنز بناکر ٹاپ اسکورر تھے، یوں وہ مسلسل 2 کیلنڈر سال میں ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

شعیب ملک نے 3 مرتبہ سال میں ہزار رنز ضرور بنائے ہیں، لیکن وہ مسلسل یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکے، انہوں نے سال 2014، 2016 اور 2019 میں ایک ایک ہزار رنز بنائے تھے۔

عمر اکمل، احمد شہزاد، عمران نذیر ایک ایک بار سال میں ہزار رنز بنانے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 9 مرتبہ سال میں ایک ہزار ٹی 20 رنز بنانے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

تازہ ترین