• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم کا زمبابوے کیخلاف ٹی 20 سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا عندیہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا عندیہ دے دیا۔

اسلام آباد میں ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ ٹی 20 میں کوشش کریں گے کہ مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک روزہ میچ کی طرح پہلے ٹی 20 میں بھی نائب کپتان شاداب خان ٹیم کو میسر نہیں ہوں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ نئے لڑکوں کو زمبابوے کے خلاف موقع دینا چاہ رہے ہیں، جنہیں کِھلا کر اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ اور میچ فنش کرنے میں ہم نے کافی کام کیا ہے، نوجوان کھلاڑی قومی ٹیم میں پرفارمنس کے ذریعے آرہے ہیں۔

بابر اعظم نے یہ بھی کہا کہ محمد موسیٰ، محمد حسنین اور خوشدل کو ڈومیسٹک کی پرفارمنس پر کھلایا گیا، ٹیم کمبی نیشنز کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کی موقع دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عبداللّٰہ شفیق کو بھی ٹی 20 سیریز میں کھلائیں گے، مجھے اپنا نہیں بلکہ اب بطور کپتان سوچنا پڑتا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ راولپنڈی کی وکٹ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار ہوتی ہے، ابھی پچ دیکھی نہیں لیکن کل دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی عرصے سے کھیل رہے ہیں، ان کی کارکردگی بہتر سے بہترین ہورہی ہے، فاسٹ بولر جتنا کھیلے اچھا ہے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ شاہین آفریدی خود چاہتے ہیں کہ وہ کھیلتے رہیں، وہ جب بولنگ کراتے ہیں تو ہمیشہ انجوائے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم زمبابوے کے پاس تجربہ کار کھلاڑی ہیں، اس لیے آسان نہیں لیا جا سکتا۔

تازہ ترین