• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ٹی20: بابراعظم کی شاندار بیٹنگ، زمبابوے کو 6 وکٹ سے شکست


پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم نے 82 رنز شاندار اننگز کھیلی اور سیریز کے آخری ایک روزہ مقابلے میں میچ ختم نہ کر پانے کا دکھ دور کردیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر زمبابوین کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 156 رنز بنائے۔

زمبابوے کی طرف ویزے مدھیویرے نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شان ولیمز 25 رنز کے ساتھ دوسرے ٹاپ اسکورر رہے، حارث رؤف اور وہاب ریاض نے 2، 2 وکٹ اپنے نام کیں۔


157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم نے فخر زمان کے ساتھ اننگز اوپن کی۔

فخر زمان 36 کے مجموعے پر مزربانی کا شکار بن گئے، انہوں نے19 رنز کی اننگز میں ایک چھکا اور دو چوکے لگائے۔

گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 64 کے اسکور پر گری، نگاروا نے نوجوان بیٹسمین حیدر علی کو 7 رنز پر ہی قابو کرلیا۔

تیسری وکٹ پر کپتان بابر اعظم کے ساتھ محمد حفیظ نے 80 رنز کی پارٹنر شپ جوڑی اور میچ کو یکطرفہ بنادیا۔

142 کے اسکور پر بابر اعظم 82 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اس دوران 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

محمد حفیظ 156 کے اسکور پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے انہیں مزربانی نے میدان بدر کیا۔

شاندار بیٹنگ پر کپتان بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تین میچز کی سیریز میں پاکستان نے ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے، دوسرا میچ کل اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین