• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی عوام نے انتہائی دانشمندانہ فیصلہ کیا، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جوبائیڈن کو صدر منتخب کر کے امریکی عوام نے انتہائی دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، محمود الرشید اور منظور احمد وٹو کے ہمراہ حویلی لکھا میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری سرور نے کہا کہ امید ہے جو بائیڈن عالمی مسائل کی طرف توجہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے جوبائیڈن دنیا کی تمام اقوام کو ساتھ لے کر چلیں گے۔


گورنر پنجاب نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ واشنگٹن میں کشمیر کی آواز سنی جائے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ قومی اداروں کو سیاست سے باہر رکھا جانا چاہیے، ریاستی ادارے ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں، اپوزیشن کو بھی ان کا احترام کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ملک بھی تباہ ہوا، سب سے پہلے اس کے سیکیورٹی ادارے تباہ کیے گئے، اپوزیشن کے جمہوری حق سے انکار نہیں، جلسے جلوس اور احتجاج کریں۔

چوہدری محمد سرور نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن عوام کے ایشوز پر تو بات نہیں کرتی، اپوزیشن کا بیانیہ ناکام ہو چکا، حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپوزیشن اور پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں، ہمیں خطرہ ہے تو مہنگائی اور گورنس کے ایشوز سے ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ صنعتیں بہتری کی طرف جارہی ہیں، میگا کرپشن کا خاتمہ کردیا۔

ساتھ ساتھ انھوں نے ملک میں بڑھتی مہنگائی کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ یہ درست ہے کہ اس وقت عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔

تازہ ترین