اسلام آباد (نمائندہ جنگ) کورونا بحران کے بعد کویت میں حال ہی میں ’کویتائزیشن‘ یعنی ’سب سے پہلے کویت‘ کی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق کویتی شہریوں کو ملازمتوں پر رکھا جائے گا۔ اس فیصلے سے کویت میں موجود پاکستانی پروفیشنلز اور مزدوروں کی نوکریاں متاثر ہونے کا امکان ہے۔ پاکستانی حکومت نے بھی اس صورتحال میں اپنے ورکرز کی نوکریاں بچانے بلکہ نئی ملازمتوں کے مواقع اور ویزہ پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے کوششیں شروع کر دی ہیں جس کے نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان بیورو آف امیگریشن کے مطابق پاکستان کویتی حکام کو اس بات پر قائل کر رہا ہے کہ وہ اس عمل کے دوران پاکستانی ورکرز کو بے روزگار ہونے سے بچائیں۔