؏ملتان(سٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان نے حکومت سے کورونا کی دوسری لہر کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے، پاکستان میڈیکل ایسوسی ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر نہایت شدید ہے، حکومت بروقت سنجیدہ اقدامات اٹھائے، جبکہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی زوال کا شکار ہے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ یونیورسٹی و ہسپتال میں 60 فیصد سے زائد آسامیاں خالی پڑی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈاکٹر طارق وقار، ڈاکٹر رانا خاور، ڈاکٹر مرتضی بلوچ، ڈاکٹر شیخ عبدالخالق، ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی تنزلی کا سبب چار ماہ سے مستقل وائس چانسلر کا نہ ہونا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام سے ماسک اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے اور حکومت سے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی بھرپور اپیل کرتے ہیں تاکہ کورونا کی دوسری لہر کی شدت سے نمٹا جاسکے۔