بجلی صارفین پر مزید 82 ارب 69 کروڑ روپے کا بوجھ منتقل کرنےکی تیاریاں شروع ہوگئیں۔
اس حوالے سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے درخواست موصول ہوگئی ہے۔
نیپرا کو دی گئی درخواست میں 82 ارب 69 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ بجلی صارفین پر ڈالنے کا کہا گیا ہے۔
نیپرا حکام کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے درخواست گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے لیے دی ہے۔
درخواست کے ذریعے کمپنیوں نے نیپرا سے اپریل سے جون 2020ء تک کی ایڈجسٹمنٹ مانگی ہے۔
نیپرا حکام کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے کیپیسٹی پرچیز پرائس کی مد میں 81 ارب 10 کروڑ روپے مانگے ہیں۔
کمپنیوں نے آپریشنز اینڈ مینٹیننس کی مد میں 56 کروڑ 70 لاکھ روپے اور یوز آف سسٹم چارجز کی مد میں 2 ارب 27 کروڑ روپے مانگے ہیں۔
نیپرا میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی اربوں روپے اضافی بوجھ بجلی صارفین پر منتقل کرنے کی درخواست پر 24 نومبر کو سماعت کی جائے گی۔