• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ حکومت ملک کوقرضوں کی دلدل میں دھنسا کرگئی، فردوس عاشق


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’آپس کی بات‘میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ حکومت ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھنسا کر گئی،ن لیگ کی رہنما عظمٰی بخاری نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں 3.1فیصد مہنگائی تھی، پی ٹی آئی حکومت کی فوڈ انفلیشن 12فیصد کے قریب ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ممکن حد تک کورونا کی تباہ کاریوں سے بچایا ہے، حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے لیکن انہیں ہمارے دو سال سے نہ جوڑیں، پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح بنیادی اشیائے ضرورت کی قیمتوں کو مستحکم کرنا ہے، ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں اور تاجر برادری کو ریگولیٹ کرنا چاہتے ہیں، پچھلی حکومت گئی تو بجٹ خسارہ تاریخ کی بدترین سطح پر تھا، امپورٹ ایکسپورٹ کا بیلنس مائنس زیرو میں تھا، ن لیگ حکومت ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھنسا کر گئی، حالیہ تاریخ میں پہلی دفعہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں گیا ہے، معیشت کے میکرو اشاریے بہتری کی طرف جارہے ہیں، اب اس کے اثرات عوام تک پہنچائے جائیں گے، مہنگائی کو کنٹرول کر کے ہی عام آدمی کے مفاد کا تحفظ کیا جاسکتا ہے، اگلے چھ ماہ میں مہنگائی کم ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں 3.1فیصد مہنگائی تھی، پی ٹی آئی حکومت کی فوڈ انفلیشن 12فیصد کے قریب ہے، ہمارے دور میں آٹے کی قیمت 40روپے تھی آج 75روپے کلو ہے، ہماری حکومت میں چینی کی قیمت 55روپے کلو تھی ان کے دور حکومت میں چینی 115روپے کلو پر چلی گئی ہے۔

تازہ ترین