• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں سہیل انور سیال، ظفر سیال اور جمیل سومرو کی ضمانت میں 24 دسمبر تک توسیع کر دی۔

رہنما پیپلز پارٹی سہیل انور سیال اور دیگر ملزمان کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کے دوران عدالت سہیل انور سیال کے شریک ملزم جمیل سومرو کی غیر حاضری پر برہم ہو گئی۔

جمیل سومرو کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں جمیل سومرو گلگت بلتستان گئے ہوئے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ کئی لوگ عدالت میں پیش ہونا ہی نہیں چاہتے، جمیل سومرو گلگت بلتستان میں انجوائے کر رہے ہیں مگر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

جمیل سومرو کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جمیل سومرو نے واپسی کا ٹکٹ بک کرا لیا تھا تاہم پرواز منسوخ ہو گئی۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ان سے سوال کیا کہ جمیل سومرو کا ٹکٹ کہاں ہے؟

جمیل سومرو کے وکیل نے کہا کہ جمیل سومرو کا ٹکٹ اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

سندھ ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ حاضری سے آج استثنیٰ لیا اور ٹکٹ اگلی سماعت پر پیش کیا جائے گا؟


عدالتِ عالیہ نے جمیل سومرو کی ایک روز کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سہیل انور سیال اور دیگر کے خلاف انکوائری مکمل کر لی ہے، جبکہ مزید کارروائی کے لیے معاملہ نیب ہیڈ کوارٹرز ارسال کر دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے سہیل انور سیال، ظفر سیال اور جمیل سومرو کی ضمانت میں 24 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب سے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔

واضح رہے کہ سہیل انور سیال اور دیگر کے خلاف نیب آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

تازہ ترین