وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر تربت پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر بلوچستان امان اللّہ یاسین زئی اور وزیراعلیٰ جام کمال نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزراء شبلی فراز، مراد سید، غلام سرور خان، اسد عمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر ہیں۔
ان کے علاوہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی بھی دورۂ بلوچستان میں عمران خان کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ بلوچستان کے عوام کیلئے خوشحالی کی نوید ثابت ہوگا۔
شبلی فراز نے کہا کہ معاشی و سماجی ترقی کے ذریعے صوبے کے عوام کا احساس محرومی دور کریں گے۔
وزیر اعظم تربت میں ترقیاتی اور سماجی بہبود کے دیگر منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کریں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان جنوبی اضلاع کے عمائدین سے ملاقات کریں گے اور جنوبی بلوچستان پیکج کا اعلان بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم تربت یونیورسٹی فیز ٹو اور 200 بستروں کے مکران ٹیچنگ اسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔