پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار نے وہاڑی ملتان روڈ اور گجرات جلالپور جٹاں روڈ کو 2 رویہ کرنے کے منصوبو ں کی منظوری دے دی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کا اجلاس ہوا۔
دورانِ اجلاس سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ وہاڑی ملتان روڈ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 2 رویہ کیا جائے گا، اس منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 12 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گجرات جلالپور جٹاں 2 رویہ سڑک بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنے گی، اس منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 2 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 6 مزید ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور فیصل آباد، جڑانوالہ، لنڈیانوالہ روڈ تا ایکسپریس وے سڑک کی اپ گریڈیشن کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یہ بھی بتایا کہ فیصل آباد جڑانوالہ تا ایکسپریس وے سڑک کے ساتھ سروس روڈ بھی بنائی جائے گی،جبکہ جڑانوالہ میں ریلوے لائن پر فلائی اوور بھی تعمیر کیا جائے گا۔