وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کورونا وائرس کی دوسری لہر میں بھی اپنے روایتی اسٹائل میں عالمی وبا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہہ دیا۔
انہوں نے اپنے حالیہ سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ ’مختاریا انہاں نوں سمجھا، کورونا دوبارہ آ گیا ای۔‘ (مختاریاں انہیں سمجھاؤ، کورونا وائرس دوبارہ آگیا ہے۔)
یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پاکستان میں آنے اور کورونا سے بچاؤ کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے آغاز میں ندیم افضل چن کی مبینہ آڈیو کال وائرل ہوئی تھی۔
آڈیو کال میں وہ کسی’مختاریا‘ سے مخاطب ہیں اور کورونا کی ممکنہ صورتحال سے مقامی انداز میں آگاہ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ بات بہت بڑھ گئی ہے ، گھر پر بیٹھو اور احتیاطی تدابیر اختیار کرو۔
ندیم افضل چن کے اس آڈیو کلپ کے مقبول ہونے پر اتنی بات کی گئی کہ پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر بھی یہ سر فہرست ٹرینڈ میں سے ایک رہا، جہاں تمام سوشل میڈیا صارفین کو ’مختاریا ‘ کی تلاش تھی ندیم افضل چن اپنی ایک ویڈیو میں ’مختاریا ‘ کو سامنے بھی لائے۔
بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن کی اپنے قریبی دوست مختار حسین باجوہ عرف مختاریا سے کی گئی مبینہ طور پر لِیک ہونے والی واٹس ایپ آڈیو کال پہلے ہی کافی مقبول تھی لیکن اب ندیم افضل چن کے ’مختاریا ‘ پر گانا بھی ریلیز کردیا گیا تھا۔