پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کنگز کی شاندار بولنگ کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 141 رنز ہی بناسکی۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جہاں اس کے بولرز نے حریف ٹیم کو کھل کر کھیلنے نہ دیا۔
ملتان سلطانز کے روی بوپارہ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ذیشان اشرف 21 اور خوشدل شاہ نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔
شاہد آفریدی 12 اور ایڈم لائیتھ 9 رنز ہی بناسکے۔
سہیل تنویر نے اننگز کے اختتامی لمحات میں جارحانہ 25 رنز بنا کر ٹیم کو 141 کے ہندسے تک پہنچایا۔
کراچی کنگز کے وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ لی۔