وزیرِاعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے اسمبلی کے انتخابات کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سیکریٹری داخلہ محمد علی رندھاوا نے وزیرِاعلیٰ حافظ حفیظ الرحمٰن کو انتخابی صورتِ حال پر بریفنگ دی۔
وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنر دیامر اور کمشنر بلتستان نے بھی کنٹرول روم کے دورے میں شریک کی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان نے پُرامن انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں آج انتخابات ہو رہے ہیں، اکثر علاقوں میں آج شدید سردی ہے، بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، نظامِ زندگی متاثر ہے، تاہم موسم خراب ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشنز پہنچ رہے ہیں۔
گلگت بلتستان میں برف باری اور موسم شدید سرد ہونے کے باوجود پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کا رش نظر آ رہا ہے جبکہ شدید سردی کے باوجود خواتین بھی بڑی تعداد میں صبح سویرے ہی ووٹ ڈالنے پہنچ گئیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں 23 نشستوں پر ووٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے، پولنگ کا عمل بغیر وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔