• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا میں جلسے، جلوس پر مکمل پابندی عائد

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں جلسے اور جلوسوں پر مکمل پابندی لگادی ہے۔

پشاور میں وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے وزیراعلیٰ کے معاون برائے اطلاعات کامران بنگش کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور صوبے میں جلسے اور جلوسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کیا۔

کامران بنگش نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شرح اموات بڑھ رہی ہیں، تحریک انصاف کا21 نومبر کو نوشہرہ میں بڑا جلسہ ہونا تھا جو عوامی مفاد میں ملتوی کردیا گیا ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر جماعتیں بھی اپنے جلسے اور اجتماعات منسوخ کریں گی۔

معاون برائے اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی اپنے تمام اجتماعات منسوخ کردیے ہیں، موجودہ حالات میں اپوزیشن کو رضا کارانہ طور پر جلسے منسوخ کردینے چاہئیں۔

تیمور سلیم جھگڑا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے بیماری کے ساتھ غربت کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات اٹھائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد میں اپوزیشن سے بات چیت کرنے میں کوئی حرج نہیں، ہماری کوشش ہے معاشی نقصان کم سے کم ہو، ایس او پیز پر عمل کرنا قومی چیلنج ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 2 ہزار سے کم ہے، انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت روزانہ کی بنیاد پر 4 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کی حامل ہے۔

تازہ ترین