• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم عمران خان کا الیکٹرونک ووٹنگ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان



وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک میں الیکٹرونک ووٹنگ سسٹم لانے کا اعلان کر دیا، کہا کہ ہم خفیہ ووٹنگ کے بجائے شو آف ہینڈز سے ووٹنگ چاہتے ہیں، ہم پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ لا رہے ہیں، سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈز کے لیے آئینی ترمیم لا رہے ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے انتخابی عمل پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں ایسا انتخابی عمل ہو جسے ہارنے اور جیتنے والے قبول کریں، 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے لیے بھی سسٹم لا رہے ہیں، اوور سیز پاکستانیوں کے لیے ایسا سسٹم لا رہے ہیں جس سے وہ پوری طرح الیکشن میں حصہ لےسکیں۔

وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیےاحتیاط برتنا ہو گی، ویکسین آنے میں دیر ہے، لوگ کورونا کی ایس او پیز پر عمل درآمد کریں، لوگ زیادہ سے زیادہ ماسک کا استعمال کریں، گلگت بلتستان کے عوام سے کیئے گئے وعدے پورے کریں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کریں گے، وہاں ٹھنڈ میں لوگوں نے ووٹ ڈالا، جس پر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، 2013ء کے الیکشن کے بارے میں تمام سیاسی جماعتوں نے کہا تھا کہ دھاندلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون 2013ء کا الیکشن جیتی تھی، لیکن پھر بھی اس نے کہا تھا کہ سندھ میں دھاندلی ہوئی ہے، تحریکِ انصاف نے صرف 4 حلقے کھولنے کی بات کی تھی، ان 4 حلقوں سے کوئی حکومت تو نہیں بننے لگی تھی، اگر 4 حلقوں کا ٹھیک طرح آڈٹ ہوتا تو پتہ چل جاتا کہ کیا خامیاں ہوئیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ میں نے 2018ء کے لیے 4 حلقے کھولنے کی بات کی تھی، 4 حلقے جب نہیں کھولے گئے تو ہم نے اسلام آباد میں دھرنا دیا، 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی سے متعلق تمام شواہد قانونی فورم پر لے گئے، صاف شفاف الیکشن کی مہم میں نے چلائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میرا مقصد صرف یہ تھا کہ ہارنے والا بھی تسلیم کرے، میں نے نیوٹرل ایمپائرز کیلئے مہم چلائی، آج کرکٹ کی دنیا میں ہارنے والا تسلیم کرتا ہے کہ وہ ہار گیا ہے، 2018ء کے الیکشن میں صرف 102 پٹیشنز دائر ہوئیں، 2018ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے لوگوں کی 23 پٹیشنز تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 14 نیشنل اسمبلی کی سیٹیں ہاریں جن میں مارجن بہت کم تھا، 2018ء کے الیکشن میں نون لیگ اور پیپلزپارٹی نے مشترکہ طور پر 24 پٹیشنز دائر کیں، آزاد کشمیر اور سینیٹ کے الیکشنز بھی آنے والے ہیں، اوور سیز پاکستانیوں کے ایسا سسٹم لا رہے ہیں جس سے وہ پوری طرح پاکستان میں الیکشن میں حصہ لے سکیں۔

اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کے ارکان نے گلگت بلتستان الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے پر وزیرِ اعظم کو مبارک باد پیش کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان الیکشن جیتے پر پی ٹی آئی کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ گلگت الیکشن میں ذلفی بخاری، علی امین گنڈا پور اور مراد سعید کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔


وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں جیت سیف اللّٰہ نیازی سمیت پی ٹی آئی کی پوری ٹیم کا اعزاز ہے، تحریکِ انصاف کے وزراء اور پارٹی لیڈر شپ نے دن رات محنت کی، اکثریت حاصل کرنے پر تحریکِ انصاف کے ہر کارکن کو شاباش دیتا ہوں۔

کابینہ ارکان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ رد کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اجلاس میں بیشتر ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دے دی، جن میں کورونا وائرس کے علاج کی ادویات کی درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری بھی شامل ہے۔

کابینہ کے اس فیصلے کے بعد کورونا وائرس کے علاج کے لیے ادویات ٹیکس فری درآمد کی جاسکیں گی۔

تازہ ترین