پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فائیو کے فائنل میں کراچی کنگز کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔
بابر اعظم کی تحمل مزاجی اور بیٹنگ کلاس کی تعریف کرنے والوں میں بھارتی بھی شامل ہوگئے ہیں۔
بھارت کے اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے اپنے ٹوئٹ میں بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹے ہدف کے تعاقب میں بھی بابر اعظم نے اطمینان سے بلے بازی کی اور یہی اُن کی مسلسل کامیابی کا راز ہے۔
بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بابر اعظم کی کُھل کر تعریف کی۔
آکاش نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ کراچی کنگز کی جیت پر ڈین جونز خوشی سے نہال ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اب تک پانچ ایڈیشنز کھیلے جا چکے ہیں جن میں دو مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ جب کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی ایک، ایک بار پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
پی ایس ایل سیزن فائیو کی ٹرافی کراچی کنگز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔
رواں سال فروری اور مارچ میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے سیزن فائیو کے پلے آف مرحلے کے میچز کورونا وائرس وبا کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے۔
ملتوی میچز دوبارہ کراچی میں منعقد کئے گئے، فائنل میں جیتنے والی ٹیم کراچی کنگز کو ٹرافی کے ساتھ پانچ لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی گئی جب کہ لاہور قلندرز کو دو لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا چیک دیا گیا۔
فتح کے بعد کراچی کنگز کے کوچ وسیم اکرم نے پی ایس ایل فائیو میں کامیابی کراچی کنگز کے سابق آنجہانی کوچ ڈین جونز کے نام کر دی۔