• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان انتخابات، فافن نے رپورٹ جاری کردی

گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق گلگت بلتستان انتخابات میں 60 فیصد سے زائد ووٹرز نے ووٹ ڈالے۔

فافن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 13 حلقوں میں خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 53.8 فیصد رہا، جبکہ 13 حلقوں میں مرد ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 59.6 فیصد رہا۔

رپورٹ کے مطابق دیامر جی بی اے 16 اور 18 میں خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم رہا، گلگت، گانچھے، غذر، دیامر میں تشدد، احتجاج کے چند واقعات رپورٹ ہوئے۔

فافن رپورٹ کے مطابق پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 فراہم نہ کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، ایک تہائی سے بھی کم پولنگ اسٹیشن کے باہر سیاسی جماعتوں کے کیمپ لگے، فی پولنگ اسٹیشن پر 3 غیرقانونی یا بے ضابطگی رپورٹ ہوئی۔

رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ ووٹ خفیہ رکھنے، دوسروں کی جانب سےاسٹیمپ لگانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کو واپس بھیجنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔


فافن رپورٹ کے مطابق پولنگ اسٹیشن پر بہت کم فارم 45 فراہم کیے گئے، ووٹ ڈالنے اور گننے کا عمل شفاف رہا۔

رپورٹ کے مطابق 6 حلقوں سے پولنگ ایجنٹس کی عدم موجودگی میں ووٹ گننے کے واقعات رپورٹ ہوئے، 3 حلقوں میں امیدواروں، پولنگ ایجنٹس کو ابتدائی رزلٹ کی تیاری میں آر او کے دفتر سے باہر رکھنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

فافن رپورٹ میں بتا یا گیا کہ10 حلقوں میں فارم 47 تاخیر سے دینے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

تازہ ترین