وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے 25 سال بعد شروع ہورہی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جیوپاکستان میں گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 40 کلومیٹر ٹریک مکمل کیا ہے، 13 اسٹاپ کے ساتھ سروس شروع کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا سارا کریڈٹ چیف جسٹس کو جاتا ہے، دوسال میں ٹریک بنے گا، یہ ایک دو دن کی بات نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جدید اربن ٹرانسپورٹ مکمل کریں گے، جدید اربن ٹرانسپورٹ میں عوام کو ساری سہولت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کو سندھ حکومت نے ہٹانا ہے، گلگت میں دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے، اگلے سال آزادکشمیر اور مارچ میں سینٹ کے انتخابات ہوں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ حکومت کھڑی تھی اور کھڑی رہے گی، پانچ سال مکمل کرے گی۔