• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وزیرِریلوے شیخ رشید کہتے ہیں کہ کل سے کراچی سرکلر ریلوے چلے گی، سرکلر ریلوے پپری سے سٹی ریلوے اسٹیشن تک چلائی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کے دور میں کے سی آر کے ذریعے اورنج لائن سے بہتر سہولت دیں گے، جدید اربن ٹرانسپورٹ چلائیں گے، 8 ماہ میں 43 کلومیٹر کا ٹریک بنایا ہے، ریلوے نے اپنے طور پر سارے کام کیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے شبر زیدی پر بھونڈا الزم لگایا، الزام لگانے سے پہلے تحقیقات کر لیا کریں، شبر زیدی نے الزامات کی تردید کر دی ہے اور کہا ہےکہ ان سے متعلق بیان جھوٹ پر مبنی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ زندگی میں گلگت بلتستان سے زیادہ شفاف الیکشن نہیں دیکھا، گلگت بلتستان میں جمہوریت کی فتح ہوئی، گلگت بلتستان کے لوگوں نے پاکستان کے حق میں ووٹ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ایک جلسے سے دوسرے جلسے میں لوگ گئے، پولنگ اسٹیشن میں جتنے ووٹ ڈالے گئے اتنے ہی نکلے، امیدوار ایک ایک، دو دو ووٹوں سے جیتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن میں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں جماعتوں کا بیانیہ الگ ہے، نون لیگ اور پیپلز پارٹی میں سمجھ بوجھ ہوتی تو الیکشن سے پہلے اتحاد کر لیتے، آزاد کشمیر کے انتخابات میں دونوں جماعتیں اتحاد کر لیں۔


ان کا کہنا ہے کہ نون لیگ کے گلگت بلتستان کے سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے کہ سندھ کا پیسہ الیکشن میں لگایا گیا، گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی دو تہائی اکثریت ہوگی، آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اکثریت پر یہ اور چیخیں اور چلائیں گے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہےکہ وہ ہر حلقہ کھلوانے کیلئے تیار ہوں گے، گلگت بلتستان کی مہم میں جاتا تو طوفان کھڑا ہو جاتا، سیاستدانوں کو سیاستدانوں سے ہی بات کرنا پڑتی ہے، بند گلی میں جانے سے فضا اور خوفناک ہو جاتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی پارٹی نے سینیٹ میں ووٹ دینے پر کسی شخص کو نوٹس جاری نہیں کیا، نواز شریف نے اداروں سے ٹکرا کر اپنی سیاست دفن کی، نواز شریف اور مریم نے فوج کے خلاف بات کر کے عمران خان کی مدد کی ہے، نواز شریف کا بیانیہ فوج کے خلاف ہے، یہ لوگ پاکستان کے مخالفین کی مدد کر رہے ہیں۔

تازہ ترین