مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کہتے ہیں کہ جب اپوزیشن کے جلسے کی تاریخ قریب آتی ہے تو حکومت کورونا وائرس سے ڈرانے لگتی ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعات کھلے مقامات پر ہی ہوتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت خود بھی جلسے کر رہی ہے، اگر صورتِ حال اتنی ہی سنگین ہوتی تو حکومت خود بھی اجتناب کرتی۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 49 ہزار 992 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 55 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 22 ہزار 88 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 164 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 20 ہزار 849 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔