وفاقی وزیر اسد عمر کہتے ہیں کہ صوبہ خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور میں اس وقت کورونا وائرس کے 18 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔
جاری کیئے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا ہے کہ پشاور میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے شدید بیمار 14 مریض رپورٹ ہوئے تھے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ پشاور میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 13 اعشاریہ 39 فیصد رہی ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 43 ہزار 730 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 323 ہو گئیں۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 603 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 34 ہزار 974 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 613 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 28 ہزار 931 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔