• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچے کسی بھی قوم کے سب سے قیمتی وسائل ہوتے ہیں، عمران خان

وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ بچے کسی بھی قوم کے سب سے قیمتی وسائل اور بہتر مستقبل کی گارنٹی ہوتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر موجود وزیرِ اعظم عمران خان کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کی جانب سے ایک خوبصورت تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں عمران خان ایک کمسن بچی کے سر پر ہاتھ رکھ کر اُسے پھول دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔


وزیرِ اعظم عمران خان نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’بچے کسی بھی قوم کے سب سے قیمتی وسائل اور بہتر مستقبل کی گارنٹی ہوتے ہیں۔‘

وزیرِ اعظم نے لکھا کہ ’حکومتِ پاکستان ہمارے بچوں کے بارے میں اپنی ذمے داریوں کے بارے میں پوری طرح سے آگاہ ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ہم اقوامِ متحدہ کے ساتھ مل کر ترقی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، وقار اور سلامتی کے لیے بچے کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم کوشش کر رہے ہیں۔‘

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی موجودہ حکومتی پارٹی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ تربت کی تصویر شیئر کی گئی تھی جس میں وہ تربت میں دارالاحساس مرکز کے بچوں کے ساتھ موجود تھے۔


انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں پی ٹی آئی نے عمران خان کی جانب سے ایک پیغام بچوں کے نام یوں تھا کہ ’اس ملک کو رکھنا میرے بچوں، سنبھال کے۔‘

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے لکھا گیا تھا کہ ’اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان تربت میں دارالاحساس مرکز کے بچوں کے ساتھ کُھل کر بات چیت کر رہے ہیں۔ ‘

اُنہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ ’جب عمران خان کے اردگرد بچے اور نوجوان ہوتے ہیں تو وہ خود کو سب سے زیادہ آرام دہ اور پُرسکون محسوس کرتے ہیں۔‘

تازہ ترین