وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان کے بچوں کو اپنا ملک سنبھال کر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر پاکستان کی موجودہ حکومتی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے وزیراعظم عمران خان کے دورۂ تربت کی کچھ تصیرں شیئر کی گئی ہیں جن میں وہ تربت میں دارالاحساس مرکز کے بچوں کے ساتھ موجود ہیں۔
انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں پی ٹی آئی نے عمران خان کا ایک پیغام بچوں کے نام یوں لکھا:
اس ملک کو رکھنا میرے بچوں، سنبھال کے
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لکھا گیا کہ ’اس تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر اعظم خان تربت میں دارالاحساس مرکز کے بچوں کے ساتھ کُھل کر بات چیت کررہے ہیں۔ ‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’جب عمران خان کے اردگرد بچے اور نوجوان ہوتے ہیں تو وہ خود کو سب سے زیادہ آرام دہ اور پُرسکون محسوس کرتے ہیں۔‘
دوسری جانب عمران خان نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ نئی تصویریں شیئر کی ہیں جن میں اُنہوں نے بلوچ ثقافت کی روایتی پگڑی پہنی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز تربت کا دورہ کیا تھا جہاں گورنر بلوچستان امان اللّہ یاسین زئی اور وزیراعلیٰ جام کمال نےاُن کا استقبال کیا تھا۔
عمران خان نے تربت میں ترقیاتی اور سماجی بہبود کے دیگر منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا ، جنوبی اضلاع کے عمائدین سے ملاقات کی اور جنوبی بلوچستان پیکج کا اعلان بھی کیا تھا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نےتربت یونیورسٹی فیز ٹو اور 200 بستروں کے مکران ٹیچنگ اسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔