• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PDM غیر ذمے دارانہ رویے سے عوامی صحت متاثر کرنا چاہتا ہے، شبلی فراز


وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم رہنما اپنے غیر ذمہ دارانہ رویّے سے عوامی صحت اور روزگار دونوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے شدید خطرات میں عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا سیاسی سفاکی اور ظلم ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ مفاد پرست ٹولہ معمولی سیاسی فائدے کے لیے کارکنان کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے، ملکی اداروں کو بدنام اور معیشت تباہ کرنے والے اب عوام کی صحت اور روزگار کے درپے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ کرپشن کے کورونا وائرس سے عوام حساب لیں گے، عدالتی احکامات کے بعد جلسوں کا انعقاد قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔

اپنے بیان میں شبلی فراز کا مزید کہنا ہے کہ پیمرا کو ایسی غیر قانونی اور عوام کی صحت کے لیے خطرناک سرگرمی نشر کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیئے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے یہ بھی کہا ہے کہ عوام کی صحت اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے آج جلسے کے لیے پشاور میں پنڈال سجا لیا ہے، حکومتی اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، رہنماؤں نے جوشیلے خطاب کے لیے تقاریر تیار کر لیں۔

جلسے کے لیے دلزاک روڈ چوک کو پوسٹر اور بینرز سے سجا دیا گیا ہے جبکہ ساؤنڈ سسٹم بھی لگا دیا گیا ہے، جلسے سے پہلے رات کو آتش بازی بھی کی گئی۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 173 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 662 تک جا پہنچی ہے۔

تازہ ترین