• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کی11جماعتیں 15ہزار لوگ اکٹھے نہ کرسکیں، شوکت یوسفزئی

خیبر پختون خوا کے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے پشاور جلسے کی حاضری 15 ہزار سے کم قرار دے دی۔

شوکت یوسفزئی نے پی ڈی ایم کے پشاور جلسے کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 11 جماعتیں مل کر بھی 15 ہزار لوگ اکٹھے نہیں کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت نے اپوزیشن کو کھلی چھٹی دی تاکہ بڑا جلسہ کر سکے، پشاور نے فیصلہ دے دیا کہ وہ پی ٹی آئی کا گڑھ ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس ختم ہوجائے تو پھر ہم جلسہ کریں گے اور اپوزیشن کو پی ٹی آئی بتائے گی کہ جلسہ کسے کہتے ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کے عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا، جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

شوکت یوسفزئی نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے کشمیر کی باتیں کر کے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی جبکہ انہوں نے کبھی بھی کشمیریوں کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم رہنماؤں نے عوامی مسائل کی بجائے اپنا رونا دھونا بیان کیا، وہی گھسی پٹی باتیں کی اور صرف عمران خان کو ٹارگٹ کیا۔

صوبائی وزیر نے استفسار کیا کہ کیا لوٹ مار اور چوری کرنے والے بھی ملک بچا سکتے ہیں؟ پی ڈی ایم کی پوری لیڈر شپ اچھی طرح ایکسپوز ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے بادشاہ آصف زرداری کے صاحبزادے نے بھی کرپشن کے خلاف بھاشن دیا، بلاول نے صحیح کہا پشاور نے فیصلہ دے دیا۔

تازہ ترین