• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِاعلیٰ پنجاب سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کی ملاقات


لاہورمیں پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار سے سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا، لاہور میں چائنہ سینٹر اور سی پیک ٹاور بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کی ملاقات کے دوران زرعی شعبے سے متعلقہ ریسرچ کو فروغ دینے کیلئے مربوط اقدامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ زرعی تحقیقاتی مقاصد کیلئے 13 ہزار ایکڑ اراضی استعمال کی جائے گی،چائنہ سینٹر اور سی پیک ٹاور میں صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے انفارمیشن ڈیسک بنائی جائیں گی۔


انہو ں نے بتایا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو چینی انڈسٹریز سے متعلق معلومات ایک ہی چھت تلےمیسر ہوں گی

عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں انڈسٹری لگانے میں ہر ممکن معاونت کریں گے، صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کیلئے قواعد و ضوابط اورشفافیت رکھی جائے گی۔

سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا گیاہے، زرعی شعبے میں چین کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کریں گے۔

تازہ ترین