• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کا معاون و مددگار ہے، حافظ طاہر اشرفی


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کا معاون و مددگار ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں طاہر اشرفی نے کہا کہ عوامی سطح پر مذہبی ہم آہنگی کے فروغ تک مسائل پر قابو نہیں پایا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر ہی مسائل کے حل کیلئے بین المذاہب کونسل قائم کی جا رہی ہے، گزشتہ سالوں میں توہین رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے واقعات میں 90 فیصد کمی ہوئی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان اسرائیل کو قبول نہیں کرے گا، جب تک اسرائیل فلسطین کا مسئلہ حل نہیں کرتا تب تک قبول نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کی مدد کر رہا ہے، یہ دہشت گرد تنظیمیں پاکستان ہی نہیں بلکہ عرب ممالک میں بھی کام کر رہی ہیں۔

حافظ طاہر اشرفی نے یہ بھی کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کو کوئی پس پشت ڈال سکے، کشمیر ہماری شہ رگ اور فلسطین ہمارے دل میں دھڑکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو گروہ پکڑے جارہے ہیں ان سے پتا چلتا ہے کہ بھارت دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ 27 نومبر جمعہ المبارک کے  تمام اجتماعات احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہوں گے۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس میں وزیر خارجہ جارہے، جس میں کشمیر اور توہین رسالتﷺ پر بات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ توہین رسالتﷺ جیسے عمل کو بین الاقوامی سطح پر جرائم قرار دینا چاہیے، تمام انبیاء و آسمانی کتابوں کی عزت کیلئے اقوام متحدہ میں قانون سازی ہونی چاہیے۔

حافظ طاہر اشرفی نے یہ بھی کہا کہ کسی کو حق نہیں کہ غیرمسلموں پر جبری فیصلہ ڈالا جائے، کشمیر کے معاملے پر عرب ممالک بالخصوص سعودی عرب ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاوجہ پاکستان کو کمزور ظاہر نہیں کرنا چاہیے، موجودہ حکومت نے ختم نبوتﷺ پر سب سے زیادہ آواز اٹھائی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دعویٰ سے کہا کہ عمران خان اقتدار چھوڑ سکتے ہیں لیکن فلسطین اور کشمیر کے مسئلے سے پیچھے ہیں ہٹ سکتے۔

تازہ ترین