کراچی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے ایک بار پھر ترکی اور ایران سے یہ مطالبہ دہرایا ہے کہ وہ خطے کے ممالک کے امور میں مداخلت سے گریز کرے، اسرائیل سے معاہدہ ایک تبدیلی ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ترکی اور ایران کے لیے امارات کا پیغام واضح ہے کہ "عرب دنیا کا احترام کریں ، وہ آپ کا احترام کرے گی"۔ اسی طرح قرقاش کے نزدیک ترکی پر لازم ہے کہ وہ دیگر ممالک کے معاملات میں بھی مداخلت بند کردے۔ قرقاش کا اشارہ لیبیا کی جانب تھا جہاں کئی رپورٹوں سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ترکی وہاں ہتھیار اور اجرتی جنگجوؤں کو منتقل کر رہا ہے۔ اماراتی وزیر نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "معاہدہ ابراہیم" ایک اہم تبدیلی ہے۔ اس سے قبل امور میں چھوٹے اقدامات کے ذریعے پیش رفت ہو رہی تھی۔ قرقاش نے واضح کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی موجودگی سے قطع نظر اس معاہدے کو طے پانا ہی تھا۔