• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا خطرہ، دنیا لڑ رہی ہے، اپوزیشن جلسے بند کرے، عمران خان

کورونا خطرہ، دنیا لڑ رہی ہے، اپوزیشن جلسے بند کرے، عمران خان


راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے نہ ہی اس حوالے سے کوئی دبائو ہے، کورونا ایک خطرہ ہےجس سے دنیا لڑ رہی ہے جبکہ یہاں اپوزیشن نے تماشہ لگا رکھا ہے، اپوزیشن جلسے بند کرے، ہر گزرتے دن کیساتھ معیشت بہتر ہو رہی ہے۔

پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوئی سیاسی فرق نہیں پڑ ے گا، چوری کے پیسے چھپانے کے لیے لوگوں کو کورونا کے رحم و کرم پر چھوڑا جا رہا ہے، صنعت کی بہتری کے لیے تمام ریاستی وسائل استعمال کئے جائیں، ملک کو بہتری کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی معاشی اور مجموعی صورت حال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے معاشی صورتحال پر ترجمانوں کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی اعشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری سے بھی حوصلہ افزا اعدادوشمار سامنے آئے ہیں تاہم معاشی ٹیم سے کہا ہے کہ صنعت کی بہتری کے لیے تمام ریاستی وسائل استعمال کریں۔

اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے جلسے جلوس اور حکومت مخالف مہم پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی صورتحال روز بروز بڑھ رہی ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوئی سیاسی فرق نہیں پڑ رہا، چوری کے پیسے چھپانے کے لیے لوگوں کو کورونا کے رحم و کرم پر چھوڑا جا رہا ہے، دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں تماشہ بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس میں معاون خصوصی زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق معاملات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای میں لیبر ویزہ پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے، یو اے ای حکام نے انتہائی تربیت یافتہ پاکستانی لیبر کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

عرب امارات کی ترجیح کورونا کے دوران بے روزگار ہونے والی ورک فورس کی بحالی ہے جب کہ یو اے نے انتہائی پروفیشنل پاکستانی لیبر کیلئے گولڈن ویزا کی سہولت بھی دی ہے۔

دوسری جانب صنعتکاروں کےوفد سے گفتگو کرتے ہوئےوزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی و خوشحالی صنعتی شعبے اور کاروباری طبقے کی ترقی سے وابستہ ہے، فیصلہ سازی کے عمل میں صنعتکاروں کی تجاویز کو شامل کرنے کے مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں، صنعتکاروں کو برآمدات کے حوالے سے مشکلات کو جلدکیا جا ئےگا۔

اعظم فاروق (چراٹ سیمنٹ) ،بشیر علی محمد (گل احمد) ، محمد علی تابہ (لکی سیمنٹ)، ثاقب شیرازی (ہنڈا اٹلس) ،فواد مختار (فاطمہ فرٹیلائزر) ،عارف حبیب (عارف حبیب گروپ لمیٹڈ) اور حسین داؤد (اینگرو کارپوریشن) پر مشتمل وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو میسرحکومتی سرپرستی کے مثبت نتائج آنا شروع ہو چکے ہیں، ملکی فارن ایکسچینج ریزرو کا بلند ترین سطح پر ہونا پاکستان کی معیشت میں استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے صنعتکاروں سے زراعت کے شعبے میں جدت لانے اور مختلف فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پرکارپوریٹ فارمنگ شروع کرنے کیلئے تجاویز مانگ لیں۔

تازہ ترین